کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہےکہ کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا فضول ہے کیونکہ جب تک کالاباغ ڈیم پر سب متفق نہیں ہوں گے وہ نہیں بنے گا۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں بزنس پروفیشنلز اور ینگ پروفیشنلز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، بھاشا ڈیم ہماری پہلی ترجیح ہوگی، یہ ڈیم پاکستان کے لیے ناگزیر ہے اور اس کا کوئی نعم البدل نہیں، بھاشا ڈیم کے لیے ہم نےتمام اقدامات کرلیے ہیں اور فزیبلٹی تیارہے، اب جو بھی حکومت آئے گی اسے بھاشا ڈیم بنانا ہوگا۔انہوں نےکہا کہ ملک بھر میں چھوٹے ڈیم بھی بنیں گے، کالا باغ ڈیم پر بحث کرنا فضول ہے، جب تک کالاباغ ڈیم پر سب متفق نہیں ہوں گے وہ نہیں بنے گا۔سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ کراچی میں گرین لائن کے علاوہ تین نئی سروس چلائیں گے، شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ تباہ ہوچکی یہ مسئلہ بھی حل کریں گے۔