ٹیکسلا: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو کہا کہ اداروں سے لڑائی مت کرو، کون سا جرم کیا۔ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے چند حواریوں کی کہانیاں آپ کے سامنے رکھوں تو آپ اپنے کانوں کو ہاتھ لگائیں گے تاہم اس کے باوجود شریف فیملی کاحجاب اب بھی رکھوں گا۔چوہدری نثار نے کہا کہ زندگی کے 34سال ایک شخص کی وفاداری کو دیے، اتنی وفاداری دی جو ایک بھائی دوسرے بھائی کو نہیں دےسکتا۔انہوں نے کہا کہ 1985میں تین لوگوں نے ٹیکسلا شہر میں میرا تعارف کرایا ، وہ تینوں دینی شخصیات تھیں، میں اپنی جوانی اور تمام زندگی ٹیکسلا کو دی، یہاں کے کونے کونے میں جائیں، کوئی ایسی جگہ نہیں ملے گی جہاں میری خدمت کا نشان نہ ہو۔چوہدری نثار نے کہا کہ میں کسی کے ٹکٹ کا محتاج نہیں ہوں، میں مخلوق خدا کے ٹکٹ کا محتاج ہوں، میرا پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن اور کسی پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے تمام زندگی ٹکٹ کیلیے درخواست نہیں دی، آج مجھے کہتے ہیں ن لیگ کے اصل لوگوں کو ٹکٹ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ میں ایک درخواست دے کر ن لیگ سے ٹکٹ لے سکتا تھا، میں نے ہمیشہ سر اوپر رکھ سیاست کی ہے، صرف اللہ کے آگےسرجھکایا، کسی کی خوش آمد نہیں کی۔