اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایپلٹ ٹریبونل میں پیش ہوگئے جس کے بعد وہ حلف نامے کی شق این پُر کرنے کے بعد روانہ ہوگئے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 53 اسلام آباد ٹو سے ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق حلف نامے کی شق ‘این’ کو پُر نہ کرنے پر مسترد کردیے تھے جس کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں سماعت ہوئی۔
جسٹس محسن اختر کیانی کے روبرو عمران خان اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ پیش ہوئے اور اپنے کاغذات نامزدگی میں شق ‘این’ کے خانے میں تحریر کو مکمل کیا۔ عمران خان نے شق ‘این’ میں لکھا کہ انہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کینسر اسپتال بنایا، نمل یونیورسٹی بنائی اور عوام کو آئینی حقوق کی جدوجہد کرنے کا شعور دیا۔