لاہو:شطرنج کے عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے ہند جانے والی 14 رکنی پاکستانی ٹیم کو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے این او سی نہ ملنے کو جواز بنا کر واہگہ بارڈرپرروک لیاگیا جس پرپاکستان چیس فیڈریشن نے شدیداحتجاج کیا۔ 14 رکنی ٹیم دوستی بس کے ذریعے لاہورسے واہگہ بارڈرپہنچی تو وہاں امیگریشن حکام نے کلیئرنس دینے سے انکارکردیا۔چیس فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری وقاراحمدنے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین نے پاکستان کی شطرنج کی ٹیم کو کامن ویلتھ چیس چیمپیئن شپ میں شرکت سے روکنے کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھا ہے۔سینیٹر کلثوم پروین کے دباو پر امیگریشن حکام نے ٹیم کو واہگہ بارڈر پر روکا ہے۔ہمارے پاسپورٹ، ویزے اور دستاویزات ٹھیک ہیں جبکہ دعوت نامہ بھی ہمارے پاس موجودہے ۔واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت دو چیس فیڈریشنزکام کررہی ہیں، سینیٹرکلثوم پروین کی فیڈریشن کا پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ساتھ الحاق ہے جبکہ پاکستان چیس فیڈریشن انٹرنیشنل چیس فیڈریشن سے منسلک ہے جسے پاکستان کے کسی سرکاری ادارے سے این اوسی لینے کی ضرورت نہیں ۔