کراچی: ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے دعویٰ کیا ہےکہ عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے نہ صرف روایتی نشستیں جیتیں گے بلکہ خوشگوار حیرتوں کے تحفے بھی دیں گے۔کراچی کی سٹی کورٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی 60 سے 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اور 2 فیصد کراچی کو وفاق سےملتا ہے، کیا سیاسی رہنما پنجاب اور کے پی کے بجٹ سے کراچی اور سندھ کو جائز حصہ دیں گے؟ عمران خان اور شہبازشریف کہیں کراچی کو مرکز سے وسائل دیں گے، تب یہاں کے عوام انہیں ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو صحیح نہیں گنا گیا، شہر میں دوبارہ مردم شماری ہونی چاہیے اور شہریوں کو حقوق ملنے چاہئیں، کراچی میں قومی اسمبلی کی 21 کی بجائے 40 اور صوبائی کی 40 کی بجائے 80 نشستیں ہونی چاہئیں۔
اس موقع پر فاروق ستار نے ایک شعربھی پڑھا۔۔
کسی کے حکم پہ نہ ہرگز ناچے گی نہ ناچی ہے
اسی لیے تو کہتے ہیں کراچی پھر کراچی ہے
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں تو اب بھی الیکشن لڑنے سے منع کررہا ہوں، رابطہ کمیٹی کو بھی کہا ہے لیکن کارکنان کی بڑی تعداد الیکشن لڑنے کا کہہ رہی ہے، رابطہ کمیٹی اور خالد مقبول کہتےہیں آپ کو لڑنا ہے، آپ کے بغیر ہماری پارلیمانی ٹیم مکمل نہیں۔