Site icon روزنامہ کشمیر لنک

اس صدی کے طویل ترین 'بلڈ مون' کا نظارہ 27 جولائی کو کیا جاسکے گا

چاند کے مختلف روپ دیکھنے کے شوقین تیار ہوجائیں، رواں ماہ 27 جولائی کو دنیا بھر میں اس صدی کے طویل ترین بلڈ مون کا نظارہ کیا جاسکے گا۔واضح رہے کہ جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجائے تو چاند کو گرہن لگتا ہے، لیکن اگر چاند کو مکمل گرہن لگ جائے اور وہ مخصوص زاویئے سے آنے والی روشنی کی وجہ سے سرخی مائل رنگ اختیار کرلے تو اسے ‘بلڈ مون’ کہا جاتا ہے۔امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کے ماہرین کے مطابق 27 جولائی کو نظر آنے والا بلڈمون 1گھنٹہ 43 منٹ تک جاری رہے گا جو ممکنہ طور پر رواں صدی میں اب تک کا سب سے طویل بلڈ مون ہوگا۔جبکہ چاند گرہن کا یہ عمل مجموعی طور پر 4 گھنٹے تک جاری رہے گا۔تاہم بلڈ مون کا یہ نظارہ پوری دنیا میں نظر نہیں آئے گا اور صرف افریقہ، ایشیاء، آسٹریلیا، یورپ، نیوزی لینڈ اور جنوبی امریکا کے لوگ اسے دیکھ سکیں گے۔یاد رہے کہ رواں برس 31 جنوری کو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 150 سال بعد سُپر بلیو بلڈ مون یعنی سرخی مائل نارنجی چاند کا نظارہ دیکھا گیا تھا۔

Exit mobile version