حیدرآباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ ملک میں جمہوریت نہیں چاہتے اور ان کی یہ کوشش جاری رہے گی جب کہ دباؤ کے تحت پنجاب اور سندھ سے لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں۔ حیدرآباد میں انتخابی مہم کے سلسلے میں موجود بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کرسی کے لیے سیاست میں نہیں بلکہ ایک نظریے کی خاطر میدان سیاست میں ہیں، ان کی ماں کو شہید کیا گیا جن کے مشن کی تکمیل کے لیے وہ سیاست کر رہے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کچھ لوگ یہاں جمہوریت نہیں چاہتے اور ان کی یہ کوشش جاری رہے گی تاہم پیپلز پارٹی کے کارکن کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ مراد علی شاہ کا کام سندھ کی تاریخ میں نظر آئے گا، اب بھی بہت سارا کام رہتا ہے اور مسائل حل کرنے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پانی کا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہوا اور ہم نے سندھ میں آر او پلانٹس لگائے، الیکشن کے موقع پر انہیں ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔