Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وہ مسلمان ملک جس کے بادل اسرائیل نے ’چرا‘ لئے

ایران اور اسرائیل آئے روز ایک دوسرے کو سنگین دھمکیاں تو دیتے رہتے تھے لیکن اب ایران کی طرف سے اسرائیل پر ایک ایسا الزام عائد کر دیا گیا ہے کہ سن کر آپ سوچ میں پڑ جائیں گے۔
ایران کے شہری دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے اسرائیل پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ ”اسرائیل ہمارے بادل چوری کر رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں خشک سالی آ چکی ہے اور ماحولیاتی تبدیلی ہو رہی ہے۔“ رضا جلالی جو ایرانی پاسداران انقلاب میں بریگیڈیئر جنرل کے عہدے پر بھی فائز ہیں کا کہنا تھا کہ ”ہمارے پاس اس کے سائنسی ثبوت موجو د ہیں کہ اسرائیل ہمارے بادلوں کو خشک کر رہا ہے تاکہ ایران میں بارش نہ ہو۔وہ ہماری برف پوش پہاڑیوں کی برف بھی پگھلا چکا ہے جس سے ہمارے ملک میں پانی کی قلت ہو گئی ہے۔“غلام رضا جلالی کا کہنا تھا کہ”ایرانی سائنسی مراکز اپنے تحقیقی مطالعوں کے ذریعے اس نتیجے تک پہنچے ہیں۔ ایران میں دیکھی جانے والی ماحولیاتی تبدیلیاں غیر قدرتی اور بیرونی مداخلت کا نتیجہ ہیں۔اسرائیل کی ایک ٹیم ایران میں داخل ہونے والے بادلوں کو غیر برساتی بنانے پر کام کر رہی ہے۔ لہٰذا ہمیں بادلوں اور برف کی چوری کا سامنا ہے۔ بحیرہ روم تک افغانستان کے بالائی علاقوں کا جائزہ لینے والے تحقیقی مطالعوں سے پتا چلا ہے کہ 2200 میٹر تک بلند تمام پہاڑیوں پر برف موجود ہے مگر ہماری پہاڑیاں خشک ہیں، یہ سب اسرائیل کے ماہرین کی وہ ٹیم کر رہی ہے۔“ واضح رہے کہ ایرانی عہدے دار کا یہ بیان ملک کے جنوب مغرب بالخصوص دو شہروں المحمرہ اور عبادان میں پانی کی آلودگی اور قلت کے سبب پھوٹ پڑنے والے عوامی احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔

Exit mobile version