اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتا ہے، تاہم انہیں مذاکرات کی میز پر لانا صرف اسلام آباد کی ذمہ داری نہیں۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ ہم افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں اور افغان صدر اشرف غنی کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ طالبان امن کے قیام کے لیے موقع کا فائدہ اُٹھائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نے پاک-افغان بارڈر مینیجمنٹ جیسے اقدامات میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔