Site icon روزنامہ کشمیر لنک

این اے 57 مری سے شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار

لاہور: ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی این اے 57 مری سے تاحیات نااہلی کا ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ایپلٹ ٹریبونل نے اثاثے چھپانے کے الزام میں ان کے آبائی حلقے این اے 57 مری سے الیکشن لڑنے کے لیے تاحیات نااہل قرار دیا تھا جسے انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، ہائیکورٹ نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کرکے سابق وزیراعظم کو انتخاب لڑنے کی اجازت دی تھی جب کہ (ن) لیگ کے رہنما نے فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیراعظم عدالت میں پیش ہوئے۔شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت کے روبرو مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے کاغذات نامزدگی میں کوئی اثاثے نہیں چھپائے جب کہ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات کاغذات نامزدگی کے برعکس جمع کرائیں۔وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی دستاویز میں اسلام آباد کے گھر کی مالیت 20 کروڑ ظاہر کی اور کاغذات نامزدگی میں اسی گھر کی مالیت 3 لاکھ روپے ظاہر کی تھی۔

Exit mobile version