اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں وزارت داخلہ کو 20 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈالنے کا حکم دے دیا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا بھی نام شامل ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے رقوم کی منتقلی پر نوٹس کی سماعت کی۔اس موقع پر عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس رکھنے والے 7 افراد سمیت اس سے فائدہ اٹھانے والے 13 افراد کو 12 جولائی کو طلب کرلیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، طارق سلطان، ارم عقیل ، محمد اشرف، محمد اقبال آرائیں اور دیگر افراد کو طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں جب کہ مذکورہ افراد کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو تمام افراد کی پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کی جب کہ عدالت نے اسٹیٹ بینک کو سمٹ بینک کی جمع کرائی گئی 7 ارب روپے کی ایکویٹی بھی روکنے کا حکم دے دیا۔جعلی بینک اکاؤنٹس کے 13 بینیفشریز میں ناصر عبداللہ، انصاری شوگر ملز، اومنی پولیمئر پیکجز، پاک ایتھنول پرائیویٹ لمیٹڈ، چمبڑ شوگر ملز، ایگرو فارم ٹھٹھہ،زرداری گروپ، پارتھینون پرائیویٹ لمیٹڈ ، اے ون انٹرنیشنل، لکی انٹرنیشنل، لاجسٹک ٹریڈنگ، رائل انٹر نیشنل اور عمیر ایسوسی ایٹ شامل ہیں۔