بانڈی پورہ علاقے میں 45 سالہ خاتون شکیلہ بانو کو نا معلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا ہے
سابق وزیر پیر زادہ محمد سعید کے مکان پر پتھرائو ، نوپورہ علاقے میں نصب دیسی ساختہ بم ناکارہ
سری نگر شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے ہندواڑہ قصبے میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے ۔ بھارتی فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے گذشتہ روز خانپورہ ہندواڑہ کے گھنے جنگلات میں تلاشی آپریشن شروع کیا تھا۔ پیر کے روز بھارتی فوج نے تلاشی مہم کے دوران ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا بھارتی فوجی ترجمان نے مارے جانے والے کو عسکریت پسند قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے ۔ بانڈی پورہ علاقے میں 45 سالہ خاتون شکیلہ بانو کو نا معلوم افراد نے قتل کر دیا ہے ۔ قتل ہونے والی خاتون پی ڈی پی رہنما عبدلحمید ڈار کی اہلیہ تھیں۔ نامعلوم حملہ آور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن عبدالمجید کے گھر میں گھس گئے اور وہاں اسکی اہلیہ شکیلہ پر کسی تیز دھار والے ہتھیار سے اس پر حملہ کردیا۔اس حملے میں شکیلہ شدید زخمی ہوگئیں۔ خاتون کو شدید زخمی کرنے کے بعد حملہ آور بھاگ نکلے ۔ خاتون کو اسپتال پہنچا دیا گیا ، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھیں۔ پلوامہ کے ترال علاقے میں سنٹر ل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ پر دستی بم پھینکا گیا جو کیمپ کے باہر پھٹا کوئی نقصان نہیں ہواجنوبی کشمیر کے کوکرناگ کے علاقے دمحال خوشی پورہ میںسابق وزیر پیر زادہ محمد سعید کے مکان پر پتھرائو ہوا جس کے بعد ان کی رہائش گاہ پر مامور محافظوں نے فائرنگ کی ۔ایسا ہی ایک واقع اننت ناگ کے بلبل باغ نوگام میں پیش آیا جہاں سابق نیشنل کانفرنس لیڈر عبدالرشید کے مکان پر کچھ مشتعل نوجوانوں نے پتھرائو کیا ۔ فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے نوپورہ علاقے میں نصب کردہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) ناکارہ بنانے کا دعوی کیا ہے پلوامہ ضلع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کیلئے بھارتی فوج نے دن بھر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سروے کیا جس دوران کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جارہی تھی ۔