اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی منشور پیش کردیا جس میں کرپشن کے خاتمے اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا کوئی آسان حل نہیں ہے، ہمارا ویژن ہے کہ ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے، آنے والی حکومت کے لیے معیشت بڑا چیلنج ہوگا، ہم گورننس سسٹم میں تبدیلی سے جدت لاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی نہ سمجھے ہم منشور کو آسانی سے لاگو کریں گے، ہمیں اپنے ہی منشور پر عمل کرنے کےلے سخت محنت کرنا پڑے گی۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں ریونیو اکٹھا کرنے کا نظام ہی نہیں، یہ بھی ایک چیلنج ہےکہ پیسہ کیسے اکٹھا کرنا ہے اس کے لیے ایف بی آر میں اصلاحات بہت ضروری ہیں کیونکہ وہاں پیسہ کرپشن سے ختم ہوجاتا ہے، اگر پیسہ اکٹھا کرنا ہے تو ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہوگا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس وقت لوگ سمجھتے ہیں ان کا ٹیکس حکمرانوں کے لائف اسٹائل پر ضائع ہوتا ہے، ہم حکمرانوں کی عیاشی ختم کریں گے، عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کریں گے، لوگوں کو جب ایک بار یقین آجائے گاکہ پیسہ ان پر خرچ ہوگا تو قوم ٹیکس دے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کرپشن ہے اور ادارے تباہ ہیں، 10 ارب ڈالر ہر سال پاکستان سے باہر جاتا ہے، اس لیے کرپشن پر قابو پانا سب سے اہم ہے، اس پر قابو پانے کے لیے نیب اور ایس ای سی پی بہت اہم ہیں، جب کرپشن پر قابو پائیں گے تب ہی اتنا پیسہ ہوگا کہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں۔