بریٹن فیری، ساؤتھ ویلز…. سائوتھ ویلز پولیس نے اب ایک ایسی کار او راسکے مالک کی تلاش شروع کردی ہے جسے لوگوں نے کچھ عجیب و غریب حالت میں ایم فور شاہراہ سے گزرتے ہوئے دیکھا۔ کہا جاتا ہے کہ کوئی شخص اپنی ووکس ویگن کار کی پچھلی نشست پر گائے کو سوار کرکے کہیں لے جارہا تھا جو ٹریفک قوانین کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔ اب سائوتھ ویلز پولیس نے پوری دلجمعی سے واقعہ کی چھان بین شروع کردی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے کار میں سوار گائے کی تصویر دیکھ کر سخت حیران ہوئی ہے اور وہ یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس کار کا مالک کون تھا اور گائے کو کہاں لیجانا چاہتا تھا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی تصاویر اور وڈیو میں گاڑی پر سوار گائے کے ایک کان میں شناختی ٹیگ بھی لگا نظر آتا ہے۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نیلے رنگ کی ووکس ویگن کی تلاش میں اس کی مدد کرے او راس بارے میں کوئی اطلاع اس کے پاس ہو تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کرے۔ مقامی پولیس کا کہناہے کہ ایم فور ایک مصروف اور اہم شاہراہ ہے اور یہاں سے اس قسم کی گاڑیوں کی آمد ورفت یقینی طور پر علاقے کی شہرت پر داغ لگانے کے مترادف ہے۔ ہم پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ لوگ یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں میں کسی بھی جانور کو سوار نہ کریں ورنہ ان پر 300پونڈ جرمانہ ہوگا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے3پوائنٹ کاٹے جائیں گے۔ آٹو ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ اس قسم کے جانوروں کو کاروں میں سوار کرکے لانا لیجانا حادثات کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ ڈرائیور کو عقبی کھڑکی سے کوئی مدد نہیں ملتی اور نہ ہی وہ پیچھے کی صورتحال پر نظر رکھ سکتا ہے جبکہ وزن کی وجہ سے گاڑی کے ٹائربھی دبائو کا شکار ہوتے ہیں اوراچانک پھٹ کر حادثات کو جنم دیتے ہیں۔