لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی سے قبل لاہور میں لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا اور 100 سے زائد کارکنوں کی گرفتاری پر مختلف تھانوں کے باہر احتجاج بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز نے جمعہ 13 جولائی کو لندن سے وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی سے پہلے لاہور پولیس نے ‘مڈ نائیٹ آپریشن’ کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں سمیت 100 سے زائد لیگی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔گرفتار افراد میں متعدد یوسی چئیرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں سمیت سرگرم کارکن شامل ہیں۔پولیس کے کریک ڈاؤن کے بعد تھانوں کے باہر لیگی امیدواروں نے کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔