مابی، جنوبی جاپان….. مغربی اور جنوبی جاپان میں گزشتہ دنوں جو تباہ کن سیلاب آیاتھا اس میں زبردست تباہی ہوئی تھی اور اسی تباہی کے دوران ایک خچر بھی سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آکر غائب ہوگیاتھا مگر اب جبکہ سیلاب کا زور ٹوٹ چکا ہے غائب ہوجانے والا یہ خچر اپنی اصل جگہ سے ذرا دور ایک مکان کی چھت پر زندہ سلامت مل گیا۔ امدادی کارکنوں نے اسے بحفاظت چھت سے اتار لیا ہے۔ واضح ہو کہ اس سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 175بتائی جارہی ہے جبکہ درجنوں افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ مابی نامی شہر میں جو جنوبی جاپان میں واقع ہے خچر کے غائب ہونے کا واقعہ پیش آیاتھا۔کہا جاتا ہے کہ جس فارم میں یہ خچر رہتا تھا وہ مکمل طورپر زیر آب ہے اور وہاں سے پانی اب تک نہیں نکالا جاسکا ۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ انتہائی چھوٹے قد کے اس خچر کو آخری بار ایک سیلابی ریلے میں دریا میں غرق ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا مگر اس کے بعد اس کی کوئی خبر نہیں مل سکی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ خچر فارم میں باقاعدہ ملازمت کرتا تھا اور اسکا کام یہ تھا کہ وہ معمر افراد کو اپنی پشت پر بٹھا کر چلتاتھا جس سے کمر او رپیٹھ کے درد میں مبتلا افراد کو تکلیف سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی تھی اور فارم کا عملہ اسکا خاص خیال رکھتا تھا۔ خچر کی عمر 9سال بتائی جاتی ہے۔ بازیاب ہونے کے بعد یہ خچر مٹی اور کیچڑ میں لت پت حالت میں تھا جس کے بعد اسے صاف کرکے اب حفاظتی مرکز میں پہنچا دیا گیاہے۔