چمن: انتخابات کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن بارڈر پر باب دوستی کو 24 سے 26 جولائی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر چمن طفیل احمد بلوچ کے مطابق ضلع قلعہ عبداللہ اور چمن میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور انتخابات کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں پاک افغان سرحد باب دوستی 3 دن 24، 25 اور 26 جولائی کو ہرقسم کی آمدورفت ا ور تجارتی سرگرمیوں کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ ضلع چمن میں دفعہ 144 نافذ کرکے امیدواروں کی اسلحہ نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ جلسے اور کارنر میٹنگ کھلے میدان یا بازاروں میں کرنے پر پابندی عائد کرکے چاردیواری کے اندر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق امیدواروں کے جلسے اور کارنرمیٹنگز کی سیکیورٹی کے لیے ایف سی کی خدمات لی جائیں گی، امیدواروں کو جلسہ، جلوس اور کارنر میٹنگز کے لیے 24 گھنٹے قبل اجازت لینا پڑے گی۔ڈپٹی کمشنر نےبتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخوا میپ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے چار امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔