کراچی: آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہےکہ عام انتخابات کے موقع پر سندھ پولیس نے رینجرز کے ساتھ مشترکہ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پولنگ والے دن پولیس اور رینجرز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہوگا۔
سعید آباد ٹریننگ سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہاکہ عام انتخابات میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 5700 سے زائد ہے، اسی طرح حساس اور کچھ نارمل پولنگ اسٹیشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر سندھ پولیس نے رینجرز کے ساتھ مشترکہ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پولنگ والے دن پولیس اور رینجرز کا کمیونی کیشن نیٹ ورک ایک ہوگا، اگر کہیں کوئی مسئلہ ہوگا تو دونوں وہاں جلد سے جلد پہنچ کر مسائل حل کریں گے۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ عام انتخابات کے لیے ایک لاکھ سے زائد پولیس کے جوان اور افسران تعینات کررہے ہیں، 79 فیصد فورس فیلڈ فارمیشن،17 فیصد پولیس کے مختلف یونٹس لے کر تعینات کریں گے جب کہ 4 فیصد کی کمی سندھ حکومت سے لے کر پوری کی جائے گی اس کے علاوہ پولنگ اسٹیشنوں پر ہماری ریزرو پولیس ہوگی۔امجد جاوید سلیمی کا کہنا تھاکہ صوبے میں حساس اور کچھ نارمل پولنگ اسٹیشن ہیں، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں زیادہ نفری لگائی گئی ہے۔