ٹوکیو ۔۔۔ جاپان میں حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد دارلحکومت ٹوکیو میں لو لگنے کے باعث 6 سال کی عمر سے 90 کی دہائی تک کے 101 افراد کو ہسپتال منتقل کیاگیا ہے۔جاپان کے ذرائع ابلآغ کے مطابق مغربی اور مشرقی جاپان میں درجہ حرارت تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے اور عوام شدید گرمی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ گرمی کی لہر رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان ہیاور لو سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی بدستور زیادہ رہے گا۔جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق جاپان کے اوپرہوا کے معمول سے زیادہ دباؤ کے نظام ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرم موسم کا باعث بن رہے ہیں۔گِفْو پریفیکچر کے اِبیگاوا قصبے میں درجہ حرارت 39.3 ڈگری سینٹی گریڈ ملک بھر میں رواں سال کا بلند ترین درجہ حرارت رہا۔ وسطی ٹوکیو کا درجہ حرارت 34.4 ڈگری سینٹی گریڈرہا۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی اور مغربی جاپان میں گرمی کی لہر تقریباً ایک ہفتہ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مغربی جاپان کے آفت زدہ علاقوں میں یہ خطرہ زیادہ ہے، جہاں رہائشی ناموافق حالات میں رہ رہے ہیں۔ حکام نے متاثرین، رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ عمومی احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ وقتاً فوقتاً سائے میں جا کر کچھ دیر آرام بھی کریں۔