اوڈوبون، نیو اورلینز…. مقامی چڑیا گھر میں صبح سویرے ایک انتہائی ہولنا ک اور خونیں واقعہ پیش آیا جس میں اورلینز کے چڑیا گھر سے بھاگے ہوئے نر تیندوے نے زبردست سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہرن ، لومڑی اور دوسرے جانوروں سمیت 6کو ہلاک کردیا جبکہ 3جانور شدید زخمی بھی ہوئے جن کا علاج بھی کیا جارہا ہے۔ واضح ہو کہ اوڈوبون چڑیا گھر کے نام سے مشہور اس چڑیا گھر میں تقریباً2ہزار سے زیادہ جانور ہیں اور یہ 58ایکڑ زمین پر پھیلا ہوا ہے اور گزشتہ 100سال سے کام کررہا ہے۔ ہولناک واقعہ کی تحقیقات چڑیا گھر حکام نے شروع کردی ہے اور وہ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر خطرناک تیندوا اپنے پنجرے سے کس طرح نکلا اور چڑیا گھر سے کس طرح باہر آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ولیریو نامی اس نر تیندوے کو پہلی بار اچانک صبح 7بجکر 20منٹ پر چڑیا گھر سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اسکی وحشت اور خون خرابے کو دیکھ کر چڑیا گھر انتظامیہ نے اسے بے ہوش کرنے کیلئے گولی ماری تھی اور پھر اسے پکڑ کر رات کے وقت واپس چڑیا گھر لایا گیا۔ سی بی ایس نیوز چینل کا کہناہے کہ اس واقعہ میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ چڑیا گھر کے ڈائریکٹر فرینک برگ کا کہناہے کہ 100سال کے قریب پرانے چڑیا گھر میں یہ اپنی قسم کا پہلا واقعہ ہے اور وہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ یہ یہاں پیش آنے والا سب سے ہولناک واقعہ ہے۔ چڑیا گھر کے وائس پریذیڈنٹ جوئل ہملٹن کا کہناہے کہ اس واقعہ کے باوجود 3سالہ تیندوے کو ہلاک نہیں کیا جائیگا۔