کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے چمن میں واقع مال روڈ پر ایک دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد جاتے ہوئے شہریوں کا رش تھا ۔ اسی دوران سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل دھماکے سے اڑ گئی جس کے بعد فوراً ہی فائرنگ کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور 10 سے زائد دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا اور بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، ابھی تک 6 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں سول اسپتال چمن منتقل کردیا گیا ہے ۔ دیگراسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور سیکورٹی فورسز کے دستے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں ۔ علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے ۔