لیما ۔۔۔جنوبی امریکہ کے ملک پیرو میں رشوت لے کر فیصلے کرنے کے الزامات سامنے آنے پر پیرو کے سپریم کورٹ کے جج مستعفی ہو گئے ۔ اسکینڈ ل میں ایسی آڈیو ٹپس سامنے آئیں جن سے کچھ ججوں کی جانب سے رشوت لے کر فیصلے دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈیو ٹپس میں ان ججوں کو مالی پیشکشوں کے بدلے میں فیصلے دینے کا ارادہ کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔جوڈیشل برانچ نے یہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ملکی عدلیہ میں 3ماہ کی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ۔جمعہ کو صدر جوڈیشل برانچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ انکشاف سسٹم کی مکمل ناکامی ظاہر کرتا ہے۔ایک ٹیپ میں ایک جج نے اپنے مطلب کی سزا کے بدلے میں پیسوں کا مطالبہ کیا جبکہ ایک اور ٹیپ میں ایک جج کو ایسی کال سنتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں ان سے کہا جا رہا ہے کہ وہ 11سالہ لڑکی کے ریپ میں ملوث شخص کی سزا کم کر دیں۔