واشنگٹن ۔۔۔ امریکہ اور افغان حکومت کی جانب سے مشترکہ طور پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک مرتبہ پھر افغان طالبان کے ساتھ جنگ بندی کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔اس سے قبل رواں برس جون میں افغانستان کے 3 ہزار علماء کی جانب سے فتویٰ دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں افغانستان میں پہلی مرتبہ جنگ بندی عمل میں آئی تھی اور حریف جنگجوؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ گھلنے ملنے کا موقع ملا۔بعدازاں، افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے 8 روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اس کی مدت میں مزید 8 روز کی توسیع کردی گئی تھی جبکہ طالبان جنگجوؤں کو مفت طبی سہولیات اور انسانی امداد کی فراہمی کی پیشکش بھی کی تھی۔اس کے علاوہ افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت بھی دی گئی تھی۔