اسلام آباد(کشمیر لنک نیوز)آزاد کشمیر بیوروکریسی میں کرپشن کا قطب مینار راجہ امجد پرویز اپنے دفتر میں خواتین افسران کو صبح رات 4بجے تک بٹھائے رکھنے پر وزیر حکومت کے غضب کا نشانہ بن گیا ۔ چوہدری عزیز نے ڈی ای او حویلی کو سیکرٹری تعلیم کے دفتر میں بلا جواز بٹھائے رکھنے پر راجہ امجد پرویز کی ماں بہن ایک کردی ۔ وزیر حکومت کا ٹیلی فون نہ اٹھانے پر چوہدری عزیز نے غصے میں دو ٹیلی فون سیٹ توڑ دیئے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکرٹری تعلیم راجہ امجد پرویز نے آزاد کشمیر بھر کے ضلعی تعلیمی افسران کو دو روز قبل مظفرآباد طلب کیا تھا جہاں ان کے دفتر میں فرداً فرداً تمام تعلیمی افسران کیساتھ ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ راجہ امجد پرویز نے مبینہ طور پر ضلع حویلی کہوٹہ کی خاتون ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو اپنے دفتر میں رات 4بجے تک بلا جواز بٹھائے رکھا ۔ خاتون افسر کے لواحقین نے حویلی کہوٹہ کے ممبر اسمبلی اور آزاد کشمیر حکومت میں وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز سے رابطہ کیا اور صورتحال سے انہیں آگاہ کیا ۔ چوہدری محمد عزیز وزیر مواصلات نے سیکرٹری تعلیم راجہ امجد پرویز کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کرنا چاہی جو بوجوہ نہ ہوسکی ۔ سیکرٹری تعلیم نے اپنے دفتر میں پرائیویٹ سیکرٹری کو پابند کررکھا ہے کہ جو بھی ٹیلی فون کال آئے اندر ملانے سے پہلے پرچی پر لکھ کر بھیجے کہ کون بات کرنا چاہتا ہے ۔ چوہدری محمد عزیز نے لائن نمبر پر بات نہ ہونے کے بعد راجہ امجد پرویز کے موبائل نمبر پر کال کی جو سیکرٹری تعلیم نے مسترد کردی ۔ چوہدری محمد عزیز کو اس بات پر غصہ آیا اور بندہ بھیج کر سیکرٹری تعلیم کو بتایا گیا کہ چوہدری عزیز سے بات کریں ۔ چوہدری محمد عزیز نے موبائل کال کے ذریعہ سیکرٹری تعلیم راجہ امجد پرویز کی ماں بہن ایک کرتے ہوئے کھری کھری سنائیں اور خاتون ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حویلی کہوٹہ کو رات 4بجے تک اپنے دفتر میں بٹھائے رکھنے کا جواز پوچھا جس پر راجہ امجد پرویز کوئی جواب نہ دے سکا اور منتیں ترلے کرتا رہا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے راجہ امجد پرویز اور اس کے گروپ کے تمام افسران کو اپنا قبلہ درست کرنے کا پیغام دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بہت جلد انہیں سبق سکھایا جائیگا۔ ادھر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے راجہ امجد پرویز کی بے عزتی پر چپ سادھ لی ہے جبکہ وزیر تعلیم مزے لے لے کر اس واقع کی تفصیلات دوسرے وزراء سے سن رہے ہیں ۔راجہ امجد پرویز پیپلز پارٹی دور میں ہونیوالی کرپشن اور بدعنوانیوں کے سرغنہ قرار دیئے جاتے تھے ۔ اس وقت کے اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر خان حال وزیراعظم آزاد کشمیر نے راجہ امجد پرویز اور اس قماش کے دیگر افسران کو الٹا لٹکانے کا اعلان کیا تھا مگر وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد راجہ فاروق حیدر خان اپنے ہی اعلانات اور دعوئوں سے تائب ہوگئے اور راجہ امجد پرویز آج ان کی حکومت میں آزاد کشمیر کے سب سے بڑے محکمہ تعلیم کا سیکرٹری ہے جہاں اس نے آپراجی قائم کررکھی ہے ۔ تمام وزراء ، سیکرٹری تعلیم کے رویے اور طرز عمل سے نالاں ہیں ۔ وزیر تعلیم سیکرٹری کے سامنے بے بس ہیں ۔ چوہدری محمد عزیز کی جانب سے راجہ امجد پرویز کی کلاس لینے پر وزراء حکومت انہیں مبارکبادیں پیش کررہے ہیں ۔ گزشتہ دو روز سے چوہدری محمد عزیز کے دفتر میں مبارکبادیں دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر مواصلات چوہدری محمد عزیز نے کچھ عرصہ قبل سیکرٹری تعلیم راجہ امجد پرویز کو واضح طور پر کہا تھا کہ اپنا رویہ درست کرلو بصورت دیگر کہیں ایسا نہ ہوکہ تمہارے رویے کی قیمت وزیراعظم کو چکانی پڑے ۔