Site icon روزنامہ کشمیر لنک

وزیراعظم اور پومپیو گفتگو تنازع پر اب کوئی بات نہیں ہوگی: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو کے تنازع پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان اس تنازع کا خاتمہ کرکے سیاسی طور پر آگے بڑھنا چاہتا ہے لہٰذا اس معاملے پر اب مزید بات نہیں کی جائے گی۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو کے تنازع کا خاتمہ چاہتے ہیں، پاکستان سیاسی طور پر آگے بڑھنا چاہتا ہے، وزیر خارجہ اس معاملے پر بات کرچکے ہیں لہٰذا وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ میں گفتگو کے معاملے پر مزید بات نہیں کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ سے جب سوال کیا گیا کہ امریکا نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیرخارجہ کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ پاکستان کو دیاہے؟اس پر ڈاکٹر فیصل نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار کہہ دیا ہے کہ معاملہ ختم، آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کیا۔ترجمان نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ہفتے میں بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کےاستعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماؤں کی بگڑتی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش ہے، عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اشتعال انگیزی پر شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

Exit mobile version