Site icon روزنامہ کشمیر لنک

عارف علوی کے والد بھارتی وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے دندان ساز

گزشتہ روز ملک کے تیرہویں صدر کی حیثیت سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی پیشے کے لحاظ سے دندان ساز (ڈینٹسٹ) ہیں، یہ بات ہر کوئی جانتا ہے، لیکن یہ بات شاید ہی کسی کو معلوم ہو کہ ان کے والد بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے دانتوں کا علاج کیا کرتے تھے۔پی ٹی آئی کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر پوسٹ کی گئی عارف علوی کی مختصر سوانح حیات کے مطابق ان کے والد ڈاکٹر حبیب الرحمٰن الٰہی علوی تقسیم سے قبل بھارتی وزیراعظم نہرو کے ڈینٹسٹ کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کے خاندان کے پاس نہرو کی جانب سے لکھے گئے خطوط بھی موجود ہیں۔تاہم عارف علوی کا بھارت سے صرف یہی تعلق نہیں ہے، بلکہ وہ پاکستان کے تیسرے صدر ہیں جن کا خاندان 1947 میں تقیسم کے وقت ہجرت کرکے بھارت سے پاکستان آیا۔واضح رہے کہ صدر ممنون حسین کا خاندان آگرہ جبکہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے والدین بھی نئی دہلی سے پاکستان منتقل ہوئے تھے۔29 جولائی 1949 کو پیدا ہونے والے ڈاکٹر عارف الرحمٰن علوی پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن اور وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی ہیں۔انہوں نے سیایست کا آغاز طلبہ یونین سے کیا اور آمریت کے دور میں جمہوریت کی بحالی کے لیے سرگرم رہے۔

Exit mobile version