Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سیاسی و حکومتی شخصیات کا یوم دفاع پر شہدا کو خراج عقیدت

کراچی: سیاسی رہنماؤں اور حکومتی شخصیات نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع سے متعلق اپنے پیغام میں شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع کو شایانِ شان انداز میں منانا ہی ملکی سرحدوں اور جمہوریت کی حفاظت ہے، انتہا پسندی و عسکریت پسندی بنیادی خطرہ ہے، تمام قوم و اداروں کو دفاعِ وطن کی خاطر ایک پیج پر ہونا ہوگا۔بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے خطے میں بھارت کے جوہری تسلط آمیز ارادوں کو بھانپ لیا تھا اس لیے انہوں نے سیکیورٹی توازن برقرار رکھنے کے لیے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاک وطن کے دفاع کے لیے قوم تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہے، سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہمیں پاکستان کے جغرافیہ کے ساتھ اس کے نظریہ کی بھی حفاظت کرنا ہوگی۔

Exit mobile version