انسٹاگرام پر تصاویر میں دوستوں کو ٹیگ کرنے کا فیچر تو ہر کوئی استعمال کرتا ہے لیکن اس فیچر کی سہولت ویڈیوز میں دستیاب نہیں تھی اور اب بہت جلد صارفین کی آسانی کے لیے یہ ٹیگ فیچر ویڈیوز کے لیے بھی فراہم کیا جانے والا ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو ٹیگنگ فیچر اس وقت آزمائشی مراحل میں ہے جو ممکنہ طور پر جلد ہی تمام صارفین کو دستیاب ہوجائے گا۔جس طرح ٹیگ فیچر تصاویر کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، بالکل ویسے ہی ویڈیوز کے لیے بھی کیا جائے گا۔تصاویر میں ٹیگ کیے جانے والے دوستوں کا نام باکس میں دیکھا جاتا ہے جب کہ ویڈیوز میں ٹیگ کیے گئے نام جاننے کے لیے ٹیگ آئیکون پر کلک کرنا ہوگا جس کے بعد تمام ناموں کی علیحدہ لسٹ دیکھی جا سکے گی۔واضح رہے کہ تصاویر میں ساتھیوں کو ٹیگ کرنے کا فیچر 2013 میں متعارف کیا گیا تھا جسے متعدد صارفین روزانہ استعمال کر رہے ہیں۔دوسری جانب گذشتہ ہفتے انسٹاگرام میں اسکرین پر نمایاں ایموجیز کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس سے صارفین فوری طور پر بغیر الفاظ کے اپنے جذبات کا اظہار کرسکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق انسٹاگرام پر گاہے بگاہے نئے فیچرز کی آزمائش جاری رہتی ہے تاکہ صارفین کو سہل طریقے سے رابطہ فراہم کیا جائے اور پسندیدہ چیزوں سے قریب رکھا جا سکے۔