کوہاٹ: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے اخوروال میں کوئلےکی کان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے مطابق کان میں دھماکا صبح 8 بجے کے وقت ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کان میں دھماکے سے آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاکتیں ہوئی۔خالد الیاس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔امدادی کارروائیوں میں آرمی کی ٹیموں اور مقامی افراد نے بھی حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق فاٹا ڈیولپمنٹ اتھارٹی یہاں موجود کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی سیفٹی کے حوالے سے اقدامات کرتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن کی جاتی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ کان مالکان بھی کبھی کبھی قوائد و ضوابط کا خیال نہیں رکھتے۔