ڈونکاسٹر، شیفلڈ…. یہاں ایک مسافر بردار جیٹ طیارہ جو 240مسافروں سمیت اڑان بھر رہا تھا۔ 15ہزار فٹ کی بلندی پر اڑنے والے ایک ڈرون سے ٹکراتے ٹکراتے بچ گیا۔ واضح ہو کہ ڈرون اڑانے کے قوانین کے تحت اڑائے جانے والے ڈرون کی بلندی چند سو فٹ سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ تازہ ترین واقعہ جنوبی یارکشائر کے ڈونکاسٹر، شیفلڈ ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا۔ برطانوی قوانین کے تحت ڈرون اڑانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔ ماہرین کا کہناہے کہ یہ واقعہ جس وقت پیش آیا اس وقت ایئر بس A321 اڑان بھرنے کے بعد 380میل فی گھنٹے کی رفتار سے فضا میں بلند ہورہی تھی کہ پائلٹ نے اچانک ایک ڈرون کو اپنے قریب دیکھا مگر کمال ہوشیاری سے اس نے ڈرون کو طیارے سے متصادم ہونے سے روک دیا۔ محکمہ شہری ہوابازی نے پورے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔