آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں قلات کے علاقے منگھوچر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو سپاہی بھی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے منگھوچر میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 سپاہی شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کا منصوبہ بنارہے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی محمد وارث شاہبان کا تعلق جھنگ سے تھا جس نے سوگواران میں ایک بیوہ اور دو بیٹے چھوڑے جبکہ سپاہی میر عالم کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا۔آپریشن کے دوران 2 خودکش جیکٹس اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔خیال رہے کہ 22 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک افسر سمیت 7 اہلکار شہید جب کہ 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔