Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ گنتی میں شامل کرنے کا فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد: ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ڈالے گئے ووٹ گنتی میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آج ہوگا۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق نادرا حکام آج چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان سے ملاقات کریں گے اور سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹوں کو حتمی نتائج کا حصہ بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے مطمئن ہونے پر ہی ووٹ شامل کرنے کا فیصلہ ہوگا۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ اوورسیز ووٹرز کا ضمنی انتخابات میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور نادرا سے آج آئی ووٹنگ کے متعلق بریفنگ لی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق 7364 رجسٹرڈ سمندر پار پاکستانیوں میں سے 6233 نے ووٹ ڈالا اور اس طرح آئی ووٹنگ کا ٹرن آوٹ 83.5 فیصد سے زائد رہا۔الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 5117 اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 1116 رجسٹرڈ اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ ڈالے۔یاد رہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کے کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے اور 6 حلقوں میں ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں جہاں جیت کا مارجن بہت کم ہے۔

Exit mobile version