Site icon روزنامہ کشمیر لنک

یہ تاثر غلط ہے کہ کرکٹ بورڈ عمران خان چلا رہے ہیں، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی نے اس تاثر کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو وزیراعظم عمران خان چلا رہے ہیں۔ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے جب احسان مانی دن میڈیا باکس میں آئے تو انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف 36 ماہ کے لیے پی سی بی کے چیئرمین بنے ہیں، بطور وزیراعظم عمران خان بورڈ کے پیٹرن ضرور ہیں، تاہم وہ ان کے کام میں ہرگز مداخلت نہیں کرتے۔احسان مانی نے کہا کہ میڈیا میں بہت کچھ آتا ہے، لیکن سب سچ نہیں ہوتا۔ ایسی ہی ایک خبر آسٹریلیا کے آئندہ سال پاکستان آکر ون ڈے کھیلنے سے متعلق بھی ہے جس میں کوئی صداقت نہیں۔ اگرچہ ہم بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔انہوں نے بتایا کہ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے سیزن کے کچھ مقابلے پاکستان میں ہوں گے۔چئیرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ بورڈ کے بہت سارے معاملات پر پالیسیوں کے بارے میں انھیں وضاحت درکار ہے، جو انھیں وقتاً فوقتاً ملتی رہی ہے۔احسان مانی کا موقف تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے معاملات کے لیے ایک کمیٹی ہونی چاہیے، جو سلیکشن کمیٹی اور ٹیم سے متعلق اہم باتوں پر رائے دے گی۔

Exit mobile version