کوکو اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر اور مومنہ مستحسن کی آواز میں پیش کیے گئے گانے ’کوکو کورینا‘ کے ری مکس ورژن کو سن کر چاکلیٹی ہیرو مرحوم وحید مراد کے صاحبزادے عادل مراد نے اپنے والد کے تمام مداحوں سے معافی مانگ لی۔کلاسک گانا ’کوکو کورینا‘ لیجنڈری اداکار وحید مراد پر فلمایا گیا تھا، جس کی شاعری مسرور انور نے لکھی تھی اور اسے سہیل رانا نے کمپوز کیا تھا۔تاہم کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں گانے کا ری مکس مداحوں کو کچھ خاص پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر اسے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔گانا سننے کے بعد وحید مراد کے صاحبزادے عادل مراد نے اپنے والد کے تمام مداحوں سے فیس بک پر معذرت کی اور مایوسی کا اظہار کیا۔عادل مراد نے لکھا، ’میں وحید مراد کے پرستاروں سے معذرت خواہ ہوں کہ کوک اسٹوڈیو کو ’کو کو کورینا‘ کو ریمیک یا تباہ کرنے کی اجازت دی گئی جب کہ مجھے کوکو اسٹوڈیو برانڈ پر اعتبار تھا لیکن اب اسے مکمل طور پر احمق چلا رہے ہیں‘۔دوسری جانب پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی طرح ’کوکو کورینا‘ کے ریمکس پر بذریعہ ٹوئٹر پوسٹ ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔شیری رحمان لکھتی ہیں، میوزک کی پسند اور ناپسند بیان کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے اور اس کو کوئی پیچیدہ بحث بنانے کی بھی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔