اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہناہے کہ ہم این آر او نہیں دے سکتے اور کوئی توقع نہیں کرے کہ ہم مقدمات روک لیں گے یا اس سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔’سعودیہ کی طرح دورۂ چین بھی کامیاب رہا‘
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم کے دورۂ چین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا ، چین کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، وزیراعظم کے دورے کو بہت اہمیت ملی ہے اور سعودی عرب کی طرح یہ دورہ بھی کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مقامی کرنسی میں تجارت کا فائدہ یہ ہے کہ ہمیں 15 بلین ڈالر کی تجارت پر ڈالر میں رقم دینا ہوتو ہمارے زرمباردلہ پر دباؤ آتا ہے، یوآن میں کاروبار کرنے سے ہمارے ڈالر کو کوریج ملے گی، یہ کرنسی سپورٹ کا حصہ ہے، چائنا کے اکنامک پیکج پر اسد عمر اور خسرو بختیار واپس آکر مزید تفصیلات بتائیں گے۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ سی پیک کی ہم یہاں بھی تعریف کرتے ہیں اور چین میں بھی کی، ن لیگ والے ہر چیز اپنے خاندان پر لے جاتے ہیں، شکر ہے یہ نہیں کہاکہ میاں شریف کی وجہ سے چین سے تعلقات ہیں، ملکوں کے تعلقات شخصیات پر نہیں ہوتے، ایک دوسرے کے مفادات پر ہوتے ہیں، پاکستان کے عالمی برداری سے تعلقات گزشتہ دور حکومت سے زیادہ اچھے ہیں، مشرق وسطیٰ کے مسائل پر عمران خان بحیثیت وزیراعظم جو کردار ادا کررہے ہیں یہ ایک تاریخی بات ہے، پاکستان کو اس پر فخر ہونا چاہیے۔