کراچی: بینکوں کی جانب سے کارڈ صارفین کے لیے انٹرنیشنل ادائیگیوں پر اوپری حد لگانے پر غور کیا جارہاہے۔10 ہزار ویزا اور ماسٹر کارڈز کا ڈیٹا چوری ہونے پر بینکوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کارڈ صارفین کے لیے انٹرنیشنل ادائیگیوں پر اوپری حد لگانے کے آپشن پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بینکوں کی جانب سے مانیٹرنگ ٹولز میں اضافے پر غور کیا جارہا ہے اور صارفین کی رقم محفوظ رکھنے کے لیے بینکنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے عالمی ادائیگیاں کرنے والے کارڈز عام صارفین کو دینے پر اعتراض بھی کیا ہے۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سفر نہیں کرتے ان کے لیے اندرون ملک استعمال کے کارڈز بہتر آپشن ہے جب کہ چپ کارڈز کو زیادہ فروغ دینے سے ہیکنگ کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں۔