سیلفی لینے کا شوق آج کل بچوں بڑوں سب کو ہے لیکن کبھی کبھی یہ سیلفیز کسی کا بڑا بھاری نقصان بھی کروا دیتی ہیں۔ایسا ہی کچھ حال ہی میں روس میں ہوا، جہاں چار لڑکیوں نے سیلفی کے شوق میں آرٹ گیلری کا لاکھوں ڈالرز کا نقصان کردیا۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ روس کے شہر یکاترن برگ کے انٹرنیشنل آرٹس سینٹر مین ایونیو میں 27 اکتوبر کو پیش آیا، جہاں نمائش کے دوران دیوار گرنے سے قیمتی فن پارے ٹوٹ گئے۔واضح رہے کہ لڑکیوں کے سیلفی لینے کے دوران جو دیوار گری، اس پر مشہور مصوروں سیلوا ڈور ڈالی (Salvador Dalí) اور فرانسسکو گویا (Francisco Goya) کے فن پارے آویزاں کیے گئے تھے۔ترجمان روسی وزارت داخلہ کے مطابق چاروں لڑکیاں سیلفی لینے میں اس قدر مگن تھیں کہ وہ میوزیم میں رکھے قیمتی فن پارے سے جا ٹکرائیں۔دوسری جانب میوزیم کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اس لاپروائی پر لڑکیوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہیے۔