کوئٹہ: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کراچی سے جانے والی پرواز کو پنجگور ایئرپورٹ پر حادثہ پیش آیا اور طیارہ رن وے سے اتر کر کچی زمین پر پہنچ گیا۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 517 صبح 8 بجکر 20 منٹ پر کراچی سے روانہ ہوئی تھی، تاہم جیسے ہی پرواز نے پنجگور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، طیارہ رن وے سے بے قابو ہوکر کچی زمین پر اتر گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کا ایک ٹائر پھٹ گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں موجود تمام 54 مسافر محفوظ ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ریلیف فلائٹ مسافروں کو لانے کے لیے تیار ہے، جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے منتظر ہیں۔دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔مالی مسائل میں گھری قومی ایئرلائن کی کسی پرواز کے ساتھ اس قسم کا حادثہ پہلی مرتبہ پیش نہیں آیا، اس سے قبل بھی پی آئی اے کی متعدد پروازیں حادثات کا شکار ہوچکی ہیں۔جنوری 2017 میں ٹورنٹو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ ٹیکسی کرتے ہوئے ایئر فرانس کےطیارے سے ٹکرا گیا تھا، جس سے طیارے کے پروں کو نقصان پہنچا تھا تاہم مسافر محفوظ رہے تھے۔اس سے قبل دسمبر 2016 میں چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت طیارے میں سوار 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید بھی شامل تھے۔اسی سال ملتان میں پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز کے انجن میں ٹیک آف سے پہلے آگ بھڑک اٹھی تھی۔