مظفرگڑھ: صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں ایک شخص کے 2 اکاؤنٹس سے 6 لاکھ95 ہزار روپے غائب ہوگئے۔مظفر گڑھ کے علاقے جتوئی کے رہائشی متاثرہ شخص کے مطابق کچھ دن قبل ٹول فری نمبر سے اُس سے اکاؤنٹ سے متعلق معلومات لی گئیں، جس کے بعد اس کے اکاؤنٹ سے 6 لاکھ 95 ہزار روپے کی رقم غائب ہوگئی۔متاثرہ شخص کا دعویٰ ہے کہ رقم 2 مختلف بینکوں کے اکاؤنٹس سے نکالی گئی جس پر اس نے کارروائی کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو درخواست دے دی ہے۔دوسری جانب بینک انتظامیہ کا موقف ہے کہ اس فراڈ سے متعلق اعلیٰ انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آن لائن بینکنگ فراڈ کے واقعات میں گزشتہ تین مہینوں میں تیزی آئی ہے اور کراچی سے خیبر تک، اسلام آباد سے کوئٹہ تک متعدد کیسز سامنے آئے۔نامعلوم نوسربازوں نے کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز کے ریٹائرڈ چیف سائنٹسٹ کو بھی نہ بخشا اور ڈاکٹر یوسف خلجی کے پنشن اور گریجویٹی کے 30 لاکھ روپے اڑا لیے گئے۔سائبر سیکیورٹی ماہرین نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ ٹیلی فون پر شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبر، کریٹ یا ڈیبٹ کارڈ نمبر دینے سے گریز کریں۔