آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کرکٹ سٹار شاہد آفریدی کے کشمیر سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے بین الاقوامی فورموں پر اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بات کرتے وقت تاریخ کا پتہ ہونا چاہیے۔ شاہد آفریدی کرکٹر ہیں کرکٹ کھیلیں ،آئی پی ایل سے لطف اندوز ہوں اس طرح کے معاملات پر لب کشائی نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی لابی بہت متحرک ہوتی ہے انہیں اس طرح کی غلطیاں چاہیے ہوتی ہیں بعض اوقات وہ خود اس طرح کی کارروائیاں ڈالنے کے لیے جال پھینکتے ہیں۔وزیراعظم نے دوٹوک لفظوں میں کہا کشمیری اپنی جانوں کے نذرانے الحاق پاکستان کے لیے دے رہے ہیں تحریک آزادی اپنے جوبن پر ہے بھارتی فوج تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد نہیں کر سکا ہے،پوری وادی میں سبز ہلالی پرچم لے کر کشمیری نکل آتے ہیں اور بندوقوں کے سامنے سینہ تان لیتے ہیں جب شہید ہوتے ہیں تو سبز ہلالی پرچم میں دفن ہوتے ہیں یہ سب کوئی مذاق تو نہیں ہے یہ ایک جدوجہد ہے بھارت جیسے غاصب ملک کے خلاف جس کی فوج نے گذشتہ ستر سال سے ہمارا حق خودارادیت صلب کر رکھا ہے اور لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔انہوں نے کہا کشمیریوں کا عزم بالکل واضح ہے بھارت سے آزادی اور ساری ریاست جموں وکشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ مجھے شاہد آفریدی پر کوئی بداعتمادی نہیں ہے ان سے بڑی بھول ہو گئی ہے آئندہ وہ محتاط رہیں۔