مظفرآباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے کشمیر کے حوالے سے متنازع ویڈیو بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ لگتا ہے شاہد آفریدی کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنی ہے، اسی لیے انہوں نے ایسی باتیں کی ہیں۔لندن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ‘کشمیر حساس معاملہ ہے،آفریدی کشمیریوں کے جذبات سے نہ کھیلیں، کشمیر کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا’۔انہوں نے کہا کہ ‘کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کھلاڑیوں کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘بھارت کے انتخابات قریب ہیں، اس لیے وہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مسلسل خلاف ورزیاں کررہا ہے’۔راجا فاروق حیدر نے مزید کہا کہ ‘اقوام عالم بھارتی مظالم سےآگاہ ہیں اور انہیں اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنا ہوں گے’۔واضح رہے کہ حال ہی میں کستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے لندن میں ایک تقریب میں گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ‘کشمیر پاکستان کو نہ دیں، بھارت کو بھی نہ دیں، کشمیر ان کا اپنا رہنے دیں، کشمیر کوئی ایشو نہیں ہے دنیا نے اس کو ایشو بنایا ہوا ہے’۔آفریدی کے اس بیان کو بھارتی میڈیا نے بہت اچھالا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان پر تنقید کی گئی، جس پر انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وضاحت کی کہ ان کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا گیا۔آفریدی نے لکھا، ‘میرے بیان کی بھارتی میڈیا نے غلط تشریح کی، میں اپنے وطن سے بہت محبت کرتا ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، انسانیت سب سے بالاتر ہونی چاہیے اور انہیں ان کے حقوق ملنے چاہئیں’۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ میڈیا پر دکھایا جانے والا ان کا ویڈیو کلپ ادھورا اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے کیوں کہ اس سے قبل انہوں نے جو کچھ کہا وہ اس میں موجود نہیں۔اسٹار کرکٹر نے کہا کہ ‘کشمیر ایک غیر حل شدہ تنازع ہے اور وہاں بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں اور ہر پاکستانی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کا ہے’۔