Site icon روزنامہ کشمیر لنک

برطانوی کابینہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کے مسودے کی توثیق کردی

لندن: برطانوی کابینہ نے یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ ڈیل) کے مسودے کی توثیق کردی۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی زیرصدارت کابینہ کے 5 گھنٹے طویل اجلاس کے بعد 585 صفحات پر مشتمل بریگزٹ مسودے کی توثیق کا اعلان کیا گیا۔وزیرداخلہ ساجد جاوید سمیت 9 سے زائد کابینہ اراکین نے مسودے کی مخالفت کی۔وزیراعظم تھریسامے آج پارلیمنٹ میں یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے تیار کردہ مسودہ کے حوالے سے اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دیں گی اور یہ مسودہ آئندہ ماہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی آئندہ برس 29 مارچ کو ہوگی تاہم اس کی حمایت اور مخالفت میں ملک بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں۔دوسری جانب یورپین کمیشن کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے تصدیق کی ہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے 25 نومبر کو اجلاس ہوگا۔برسلز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی گھاٹے کا سودا ہے اور نقصان سے بچنے کے لیے ہمیشہ مذاکرات کیے ہیں۔یاد رہے کہ جون 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم میں 52 فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں ووٹ دیا تھا جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ پڑے تھے۔

Exit mobile version