کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں گذشتہ ماہ احد رضا میر اور مومنہ مستحسن کی آواز میں ریلیز کیے گئے کلاسک گانے ‘کوکو کورینا’ کے ریمیک ورژن کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب ایک سندھی فوک گلوکار بھی اس گانے کے اپنے ورژن کے ساتھ میدان میں آگئے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ اگر احد اور مومنہ ‘کوکوکورینا’ گاسکتے ہیں تو جگر جلال کیوں نہیں؟فوک گلوکار جگر جلال چانڈیو 13 نومبر کو یوٹیوب پر جاری کی گئی گانے کی ویڈیو میں کہتے نظر آئے، ‘جنگل میں ڈھونڈا، شہروں میں بھی، مگر مجھ کو کوکو کورینا کہیں نہیں ملی، پھر عاشق کیا کرے’۔کوک اسٹوڈیو کی نقل ‘گوٹھ اسٹوڈیو’ کے بینر تلے جاری کی گئی اس ویڈیو میں جگر جلال روایتی موسیقی اور ڈھول کی تاپ پر کوکو کورینا گاتے نظر آئے جبکہ درمیان میں ان کے ساتھیوں کی جانب سے ‘برابر’ کا تڑکا بھی لگتا رہا۔واضح رہے کہ ’کوکو کورینا‘ لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا احمد رشدی کا گانا ہے جو آج تک مقبول ہے، تاہم کوک اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔مداحوں سمیت ملک کی نامور شخصیات کو بھی گانے کا ریمیک پسند نہیں آیا، حتیٰ کہ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر برملا ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک کلاسک گانے کا ‘قتل عام’ قرار دے ڈالا۔