Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ایک ڈیموکریٹ ہٹلر کے روپ میں سامنے آگیا اس سے بڑی تبدیلی کیا ہوگی: خورشید شاہ

سکھر: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ایک ڈیموکریٹ ہٹلر کے روپ میں سامنے آگیا اب اس سے بڑی تبدیلی کیا ہوگی۔سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وزیراعظم کے یوٹرن سے متعلق بیان کو ایک بار پھر نشانے پر لیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری سوچ رکھنے والے ہر پاکستانی کو وزیراعظم کے بیان پر حیرانی ضرور ہوئی گی، منتخب وزیراعظم کا بیان سن کر سب حیران ہوئے، ضیاء الحق اور یحییٰ نے بھی اپنے آپ کو ہٹلر سے مشابہت نہیں دی، مشرف نے بھی خود کو ہٹلر سے مشابہت نہیں دی۔خورشید شاہ نے کہا کہ ایک ڈیموکریٹ ہٹلر کے روپ میں سامنے آگیا، اس سے بڑی تبدیلی کیا ہوگی، ایسی سوچ رکھنے والا ملک کا وزیراعظم بن گیا، لوگوں کی سوچ اور ووٹ کی توہین کی گئی، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں 40 سال ڈکٹیٹر رہے اور آج بھی مجرم سیاستدان ہے، جس نے آئین دیا، ادارے بنائے اس کے احتساب کی باتیں ہورہی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ آج پارلیمنٹ میں ایسی زبان استعمال کی جاتی ہے جو سن کر شرم آتی ہے، ہم نے کبھی پارلیمنٹ میں ایسی گفتگو نہیں سنی، آپ حکومت چلائیں اپوزیشن آپ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، موجودہ پارلیمنٹ ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں کرسکی۔خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ ہم نے چاروں صوبوں کی منظوری سے این ایف سی ایوارڈ بنایا، آج این ایف سی ایوارڈ کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 18 ویں ترمیم صوبوں کےحقوق کی حفاظت کرتی ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ ملک کی فیڈریشن مضبوط ہو، فیڈریشن جب مضبوط ہوگی جب صوبوں کو حقوق ملیں گے۔

Exit mobile version