اسلام آباد: جسٹس اطہر من اللہ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس اطہر من اللہ سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزراء، ہائیکورٹس کے ججز، سینئر وکلاء اور اعلیٰ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔جسٹس اطہر من اللہ نے جسٹس انور کاسی کے بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ریٹائر ہونے پر بطور چیف جسٹس حلف اٹھایا، وہ 17 جون 2014 کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے۔بطور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ 11 دسمبر 2023 تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے عہدے سنبھالنے کے بعد ماتحت عدلیہ پر انسپکشن ججز تعینات کر دیے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔جسٹس محسن اختر کیانی ماتحت عدلیہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب خصوصی عدالتوں کے انسپکشن جج تعینات ہوں گے۔