مظفرآباد( کشمیر لنک نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان فی الفور کشمیری قیادت سے مشاورت کے بعد جامع کشمیر پالیسی مرتب کریںاور مظفرآباد کا دورہ کر کے اسمبلی سے خطاب کریں ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کررہا ہے اس کو رکوانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر منظم سفارتی مہم کا اہتمام کریں ،پاکستان کا دفاع استحکام معیشت اور پانی جیسے بنیادی مسائل مسئلہ کشمیر سے جڑے ہوئے ہیں اس کی اہمیت کے مطابق مسئلہ کو ترجیح اول میں رکھا جائے حالات کا تقاضا تھا کہ نئی حکومت پہلی مشاورت مسئلہ کشمیر پر کرتی محض چند تقریروں سے مسئلہ حل نہیں ہو گا اس کے لیے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے،ریاست جموں وکشمیر کی وحدت کو برقرار رکھنا اور مسئلہ کشمیر کی اقوام متحدہ کی قراردادوں میں جو بنیاد فراہم کی گئی ہے اس پر قائم رہنا حکومت پاکستان کی بڑی ذمہ داری ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے حکومت پاکستان کا یکطرفہ فیصلہ تشویشناک ہے ہم ان کے حقوق کے بھرپور حامی ہیں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر واحد ریاستی جماعت ہے جو آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک نظم کے تحت کا م کررہی ہے ،ان کے حقوق کے حوالے سے متحرک کردار ادا کیا ،آل پارٹیز کانفرنس کیں میں نے 40سال کی ذمہ داریوں کے دوران ایک ایک علاقے کا دورہ کیا تمام طبقات سے ذاتی تعلق ہے وہاں کے عوام آزادکشمیر کی قیادت سے گلے شکوے ہیں کہ وہ مظفرآباد میں بیٹھ کر بیانات دیتے ہیں یہاں کے مسائل سے آگاہی کے لیے برائے راست حالات کا مشاہدہ نہیں کرتے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ فیصلہ کرتے وقت کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا جائے انہیں آزاد حکومت کی طرز کا نظام دیا جائے دونوں خطوں کے درمیان آئینی تعلق قائم ہو اور ریاستی تشخص برقرار رہے ،گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ حقوق دیں کوئی ایسی بے تدبیری نہ کی جائے جس سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور ہو ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے سرتاج عزیز کمیٹی رپورٹ کو مشتہر کیا جائے یہ عجیب بات ہے کہ آئینی امور کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پڑھنے کے لیے موجود نہیں ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آئینی ترامیم کے حوالے سے تجاویز مشتہر کی جاتی ہیں حال ہی میں ترکی میں پارلیمانی سے صداراتی نظام قائم ہوا 5سال تک اس پر بحث ہوتی رہی جبکہ یہاں پر رپورٹ پڑھنے کے لیے دستیاب نہیں ہے ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان جغرافیائی تبدیلی کر رہا ہے حکومت پاکستان نے بے تدبیری کی تو تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا اس حوالے سے کشمیری اور حریت قیادت کو اعتماد میں لیا جائے ،اسمبلی اجلا س سے اپنے خطاب میں عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادکشمیر میں ہائیڈرل منصوبوں کی وجہ سے سنگین مسائل پیدا ہو ئے ہیں دریاﺅں کی روانی متاثر ہو گئی ماحولیات پر جس کے اثرات مرتب ہوئے ،منصوبوں کی رائلٹی کے معاملات واضح نہیں ہیں حکومت پاکستان تمام تحفظات کا ازالہ کرے تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اس موقع پر مظفرآباد اور اسلام آباد میں پالیسی امور پر اتفاق حالات کا تقاضا ہے جس کا اہتمام کرنا حکومت پاکستان اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورت حال کے حوالے سے حکومت آزادکشمیر کو مظفرآباد میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنی چاہےے اسمبلی کو متحرک کردار ادا کرنا چاہےے پارلیمانی وفود جانے چاہیں تا کہ رائے عامہ ہموار ہو اورقانون ساز اسمبلی کا ایک اجلاس چکوٹھی میں منعقد کیا جائے ذرائع ابلاغ کے ذریعے یکجہتی کا پیغام دیا جائے ،عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزادکشمیر نظریاتی خطہ ہے راقم کی قرارداد اس ہاﺅس نے منظور کر رکھی ہے جس میں ہرسطح پر تعلیمی اداروں میں قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا ہے اس کی روشنی میں حکومت اقدامات کرے اور ٹاسک فورس تشکیل دے تا کہ ہر سطح پر ہمارا نوجوان ہمارے طلبہ وطالبات قرآن کے حقیقی پیغام سے آشنا ہوسکیںجس کے نتیجے میں فرقہ واریت جیسے مسائل کا بھی حل تلاش کیا جاسکتا ہے ،عبدالرشید ترابی نے جے کے پی پی کے سابق سربراہ سردار خالد ابراہیم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار خالد ابراہیم دیانتدار اور امین انسان تھے میرٹ کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنے والے فرد تھے ،انہوں نے اپنے عظیم والد کی روایات کی پاسداری کی ،ممبران اسمبلی کی جانب سے خراج تحسین کی قرار دادیں ہاوس نے پاس کیں حقیقی معنوں میں انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا طریقہ یہ ہو گا کہ ان کے خاندان سے ضمنی الیکشن میں ان کے بیٹے کو تمام جماعتیں سپورٹ کریں تا کہ وہ متفقہ حمایت سے اسمبلی میں پہنچ سکے،غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان مرحوم اور سردار خالد ابراہیم کے خاندان کی تحریک آزادی کشمیر میں بڑی قربانیاں ہیں ان کی قدر کااظہار ہو گا اور سردار خالد ابراہیم مرحوم کے نام سے کسی قومی ادارے کو منسوب کیا جائے ۔