Site icon روزنامہ کشمیر لنک

خواجہ برادران کی گرفتاری پر آصف علی زرداری کی شدید مذمت

سابق صدر آصف زرداری نے مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت کے عزائم بے نقاب ہو رہے ہیں، مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر کوئی بھی حکومت مضبوط اور پائیدار نہیں ہوگی۔سابق صدر آصف زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواہش رہی ہے کہ ہر حکومت اپنی معیاد پوری کرے اس سے پارلیمانی نظام مضبوط ہوگا مگر سلیکٹڈ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ پارلیمنٹ مضبوط ہو اور ہر فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سیاسی مخالفین کو گرفتار کرکے احتساب کی آڑ میں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔سابق صدر نے کہا کہ لاڈلے کو قوم پر مسلط کیا گیا ہے وہ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے ہیں، انتقامی کارروائیوں سے سیاسی قیادت اور سیاسی پارٹیاں ہرگز کمزور نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک خطرناک معاشی بحران کا شکار ہو رہا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں تو دوسری طرف حکومت عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے سیاسی قیادت کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

Exit mobile version