لاہور: احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کردی۔احتساب عدالت کی جانب سے شہبازشریف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ دیا گیا تھا جو آج ختم ہونا تھا تاہم اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے رواں سیشن میں شرکت کررہے ہیں جس کے باعث ان کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی۔احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست پر سماعت کی اور ان کے راہداری ریمانڈ میں توسیع کردی۔عدالت کی جانب سے قومی اسمبلی کے سیشن ختم ہونے تک راہداری ریمانڈ میں توسیع کی گئی ہے۔قومی اسمبلی کے سیشن کے باعث شہبازشریف کو کل احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا جائے گا۔واضح رہےکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کے زیر تفتیش ہیں اور عدالت نے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمارنڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج رکھا ہے۔