پرتھ: آسٹریلیا نے پرتھ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے بھارت کو 287 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں بھارت نے کھیل کے چوتھے دن کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالیے۔پرتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 243 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد بھارت کو ٹیسٹ جیتنے کے لیے 287 رنز کا ہدف ملا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز لوکیش راہل اور مرالی وجے کریز پر آئے تو مچل اسٹارک کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر راہل بولڈ ہوگئے۔مرالی وجے اور چتیسور پجارا نے دوسری وکٹ پر محتاط انداز اپناتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور بورڈ پر 13 کا ہندسہ جمایا تو پجارا صرف 4 رنز بنا کر جوش ہیزلی وڈ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔48 کے مجموعی اسکور پر کپتان ویرات کوہلی بھی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ مرالی وجے 20 اور اجنکایا ریہانے 30 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون اور جوش ہیزلی وڈ نے 2،2 جبکہ مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کو ٹیسٹ جیتنے کے لیے مزید 5 وکٹیں درکار ہیں جب کہ بھارت کو پرتھ ٹیسٹ اپنے نام کرنے کے لیے مزید 175 رنز بنانا ہوں گے۔ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو عثمان خواجہ 41 اور کپتان ٹم پین 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے 72 رنز کی شراکت قائم کی تو ٹم پین 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔محمد شامی کی شاندار بولنگ کے سامنے کوئی کینگروز بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر کھڑا نہ رہ سکا، پیٹ کمنز ایک، مچل اسٹارک 14، نیتھن لیون 5 اور عثمان خواجہ 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 6، جیسپرت بمبرا نے 3 اور ایشانت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 326 اور دوسری میں 243 رنز بنائے جبکہ بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 283 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔