بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان فلموں میں بہترین رومانوی کردار ادا کرنے کی وجہ سے مقبول ہیں لیکن انہوں نے اپنی بیٹی سہانا خان کو روایتی والد کی طرح لڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔کنگ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی صاحبزادی سہانا کو سختی سے اُن لڑکوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے جو فلموں کے ڈائیلاگز استعمال کرکے انہیں متوجہ کریں اور بات کرنا چاہیں۔شاہ رخ خان نے بتایا کہ ‘میں نے اپنی بیٹی کو سمجھایا ہے کہ اگر کوئی لڑکا ان سے ملتا ہے اور کہتا ہے کہ “میرا نام تو سنا ہوگا” تو سمجھ جانا کہ یہ پیچھے پڑنے والا ہے اور اگر کوئی لڑکا کسی پارٹی میں کمرے کی طرف کھڑا ہو کر اشارہ کرے اور پاس بلائے تو اس کو بہت زور سے مارنا’۔شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنی فلموں میں ضرور ایسے کردار ادا کرتا ہوں جن میں کسی لڑکی کو متوجہ کیا جاتا ہے لیکن وہ حقیقی زندگی میں اچھے نہیں لگتے، ہاں لیکن میں ان کرداروں کو انتہائی سنجیدگی اور معصومیت سے نبھاتا ہوں’۔رپورٹس ہیں کہ سہانا خان کو اداکاری کا بے حد شوق ہے لیکن فی الحال تعلیم مکمل نہ ہونے کے باعث شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی جانب سے انہیں فلم نگری میں قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔رواں برس اگست میں سہانا خان بھارت کے مشہور جریدے ’ووگ انڈیا‘ کے شمارے کے سرورق کی زینت بھی بنی تھیں، جسے لوگوں نے اقرباپروری قرار دیتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔